عیدگاہ فتح پور میں صبح 09:30 بجے ادا کی جائے گی عید الفطر کی نماز
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) عیدگاہ فتح پور میں عید الفطر کی نماز کے سلسلے میں انجمن مسلم آنہ فنڈ فتحپور کے دفتر میں بعد نماز عشاء و تراویح ایڈوکیٹ محمد اسلم کی زیر صدارت ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔
میٹنگ کا آغاز حافظ متین الحق کی تلاوت سے ہوا۔ میٹنگ کی نظامت کرتے ہوئے انجمن مسلم آنا فنڈ کے سیکرٹری احمد سعید حرف نے بتایا کہ عیدگاہ فتحپور کی صفائی اور رنگ و روغن کا کام جاری ہے۔ جو عنقریب مکمل ہو جائے گا۔
میٹنگ میں یہ بات آئی کہ عید الفطر کی نماز عید گاہ میں کس وقت ادا کی جائے۔ جس پر میٹنگ میں موجود لوگوں نے اپنی رائے پیش کی۔ آخر میں باہمی مشاورت سے یہ فیصلہ طے پایا گیا کہ فتحپور قصبہ کی عیدگاہ میں درجنوں دیہات کے لوگ بھی عید کی نماز پڑھنے آتے ہیں۔ اس لیے عید الفطر کی نماز صبح 9:30 بجے ادا کی جائے تاکہ کسی بھی شخص کی نماز چھوٹنے نہ پائے_ مفتی محمد نجیب قاسمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عید کے موقع پر غریبوں اور یتیموں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
جو لوگ زکوٰۃ اور فطرہ کے مستحق ہیں ان کو ان کا حق فراہم کرانا چاہیے۔ میٹنگ کا اختتام مفتی نجیب قاسمی کی دعا پر ہوا۔ میٹنگ میں انجمن کے نائب صدر ممتاز احمد، خزانچی ڈاکٹر جمال الدین علیگ، ممبر حاجی اعجاز احمد انصاری، خورشید جمال، حاجی فضیل احمد صدیقی، شاکر بحلیمی، حاجی نور الحسن، حافظ عبداللہ، حافظ محمد شکیل، حافظ عطاالرحمن، محمد سلیم، محمد خالد، معراج احمد وغیرہ موجود رہے۔